نوکری پکی کرنے کے نام پر ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت لینے کے بعد ملازمت سے بھی فارغ کردیا، ستھرا پنجاب کے سپروائزر کا الزام
50 ہزار روپے ادھار لے کر دیے، باقی ایک لاکھ روپے چار ماہ تک تنخواہ سے ادا کرتا رہا، فاروق بٹ کی اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل
کامونکی (نمائندہ خصوصی) ستھرا پنجاب پروگرام کے سپروائزر فاروق بٹ نے ایریامنیجر عون رضا پر ملازمت مستقل کرنے کے عوض مبینہ طور پر ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت وصول کرنے اور بعدازاں نوکری سے فارغ کرنے کے سنگین الزامات عائد کردیے،فاروق بٹ نے اپنے ویڈیو بیان میں مؤقف اختیار کیا کہ ایریا منیجر عون رضا نے ان کی ملازمت پکی کروانے کے نام پر ڈیڑھ لاکھ روپے وصول کیے۔ رقم پوری نہ ہونے پر 50 ہزار روپے ایک شخص سے ادھار لے کر دیے جبکہ باقی ایک لاکھ روپے چار ماہ تک اپنی تنخواہ سے 25 ہزار روپے ماہانہ ادا کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی رقم ادا کرنے کے باوجود ملازمت مستقل کرنے کے بجائے انہیں نوکری سے ہی فارغ کردیا گیا۔فاروق بٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب پروگرام کے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کروا کر ان کی رقم واپس دلوائی جائے، ملازمت سے فارغ کیے جانے کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے اور الزامات ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے،دوسری جانب ایریا منیجر عون رضا کا مؤقف تاحال سامنے نہیں آسکا ۔


جواب دیں